بھارت سے تعلق رکھنے والے اڈانی گروپ کے گوتم اڈانی نے مکیش امبانی سے ایشیا کے امیر ترین فرد ہونے کا ریکارڈ چھین لیا۔
بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق ایشیا کے امیر ترین افراد میں بھارت کے گوتم اڈانی سرفہرست آگئے۔ انہوں نے 109 بلین ڈالر کے مالک بھارتی بزنس مین مکیش امبانی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوتم اڈانی کے اثاثوں کی کُل مالیت 111 بلین ڈالر یعنی 308 کھرب روپے ہے۔ صرف یہی نہیں گوتم اڈانی دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 11 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق گوتم اڈانی کی دولت میں اضافے کی وجہ اڈانی گروپ کے اسٹاک میں اضافہ ہے۔ اڈانی گروپ کے اسٹاکس میں بڑا اضافہ اڈانی کے امبانی کو اوورٹیک کرنے کی اصل وجہ ہے۔
خیال رہے کہ گوتم اڈانی اس سے قبل بھی ایک بار مکیش امبانی سے یہ اعزاز چھین چکے ہیں۔
دوسری طرف عالمی انڈیکس کی بات کی جائے تو برنارڈ ارنالٹ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جن کی مجموعی مالیت 207 بلین ڈالر ہے۔