تاریخ میں پہلی بار بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طالب علم اسرار کاکڑ آکسفورڈ یونین کے صدر منتخب ہوگئے۔
ق وہ اس باوقار عہدے پر فائز ہونے والے تیسرے اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پہلے پاکستانی ہیں، آکسفورڈ یونین کی بنیاد 1823 میں رکھی گئی تھی، یہ بحث و مباحثے کے لیے دنیا کی قدیم ترین اور سب سے زیادہ معتبر سوسائٹیز میں سے ایک ہے۔
اسرار کاکڑ کا تعلق ضلع قلعہ عبداللہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے ہے، اس وقت وہ آکسفورڈ یونی ورسٹی کے شعبہ قانون میں ڈی فل پروگرام کر رہے ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسرار کاکڑ کے بڑے بھائی آکسفورڈ میں ’رہوڈز اسکالر‘ اسکالر شپ پروگرام حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں، وہ آکسفورڈ میں پڑھنے والے اپنے خاندان میں دوسرے فرد ہیں۔
ہفتہ کے روز اس اہم عہدے پر منتخب ہونے والے اسرار کاکڑ نے نجی نیوز چینل ’جیو‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھ پر اعتماد کرنے پر میں آکسفورڈ یونین کے اراکین کا انتہائی شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میری یہ کامیابی معاشی طور پر کمزور پس منظر سے تعلق رکھنے والے مزید پرامید نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو اور سانحہ اے پی ایس میں زخمی احمد نواز بھی آکسفورڈ یونین کے صدر رہ چکے ہیں، برطانیہ کے سابق وزرائے اعظم بورس جانسن، ڈیوڈ کیمرون اور ٹریزامے بھی آکسفورڈ یونین کے صدر رہ چکے ہیں۔