آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہبازشریف اور روسی صدر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ دو سال پہلے شنگھائی تعاون تنظیم کے ہی اجلاس کے موقع پر سمر قند میں ملے تھے،ملاقات میں ہم نے دو طرفہ امور کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی تھی۔
پاکستان اور روس کے درمیان بہترین تعلقات ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کی بدولت دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ توانائی اور زراعت کے شعبوں میں ہم اپنے تعاون کو بڑھا سکتے ہیں ،غذائی تحفظ کے شعبے میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ روسی صدر سے ملاقات پر خوشی ہوئی،امید ہے روسی صدر کی قیادت میں رو س ترقی کرے گا،پاکستان روس کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون چاہتا ہے،پاکستان روس کیساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے.
پاکستان کےروس کیساتھ طویل المدتی تجارتی تعلقات ہیں،پاکستان روس کیساتھ برآمد ات بڑھانا چاہتا ہے،پاکستان اور روس عرصہ دراز سے دوست ممالک ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے روسی صدر کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ،انہوں نے کہا پاکستان روس کے درمیان تعلقات کسی اور ملک کی وجہ سے متاثرنہیں ہونگے،ہمیں مستقبل میں تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ملاقات میں پاکستان روس بین الحکومتی تعاون کا اگلا اجلاس جلد ماسکو میں بلانے پر اتفاق ہوا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے کثیر جہتی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مضبوط کرنے کے لیے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نےروسی صدر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
بعدازاں وزیر اعظم شہباز شریف اور ازبک صدر شوکت مرزیوئیف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی،ملاقات قازقستان میں منعقدشنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں ہوئی۔

ملاقات میں کثیرالجہتی تعلقات ، تجارت، دفاع، ثقافت اور عوامی رابطوں میں وسعت کے عزم کا اعادہ کیا گیا،دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ ازبکستان خطے کے ممالک میں تجارتی توسیع کیلئے ایک ٹرانزٹ پوائنٹ ہے۔
ملاقات کےدوران تجارت بڑھانے کیلئے کراچی پورٹ کو ترمز سے منسلک کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا،پاکستان ، ازبکستان،افغانستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
علاوہ ازیں آستانہ میں پاکستان ، ترکیے اور آذر بائیجان کے مابین سہ فریقی اجلاس ہوا، وزیراعظم شہباز شریف ، ترک صدر طیب ایردوان اور آذربائیجان کے صدر نے شرکت کی۔

اجلاس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور،علاقائی اور عالمی امن و خوشحالی پر تبادلہ خیال ہوا،اجلاس میں پائیدار معاشی ترقی کیلئے علاقائی تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ،ترکیے اور آذر بائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،پاکستان معیشت، توانائی ، تعلیم ، سیاحت ،آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں فروغ پر یقین رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے تینوں ممالک کے مابین معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زوردیا۔