خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے میں کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید جب کہ 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دوران آپریشن سامنے سے جوانوں کو لیڈ کرتے ہوئے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد نے جام شہادت نوش کیا، شہید کیپٹن کی عمر 24 سال تھی اور ان کا تعلق پنجاب کے شہر راولپنڈی سے ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن اپریشن جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ افواج پاکستان ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔