پشاور : کرنل (ر) جنید عالم کو اتفاق رائے سے پاکستان جوڈو فیڈریشن(پی جے ایف) کا دوبارہ صدر اور مسعود احمد کو جنرل سیکرٹری منتخب کرلیا گیا۔ انتخابات کے لئے جنرل کونسل کے اجلاس میں ملحقہ یونٹس خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب، سندھ، واپڈا، ریلویز، پولیس، آرمی، آزادجموں کشمیر، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، اسلام آباد اور دیگر ایسوسی ایشنوں کے عہدیداروں جبکہ انٹر نیشنل جوڈو فیڈریشن کے نمائندے محمد تحسین نے کویت سے آن لائن بطور مبصر شرکت کی اور انتخابی عمل کا مشاہدہ کیا۔ جسٹس (ر) محمد عالمزیب خان نے انتخابی عمل کی نگرانی کی۔ دیگر عہدیداروں میں سینئر نائب صدر عاصم قریشی، محمد یونس، ڈاکٹر بشیر خان اور آصف اقبال، خزانچی فہمیدہ بٹ، جائنٹ سیکرٹری ظریف احمد اور ایسوسی ایٹ سیکرٹری نور شاہ آفریدی شامل ہیں۔ چھ رکنی ایگزیکٹو کے لئے میجر سید علی عباس شیرازی، ذوالفقار عباسی، محمد علی، مہوش، بشریٰ آفریدی اور عاصم ضمیر کو منتخب کیا گیا۔ نو منتخب صدر کرنل (ر) جنید عالم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک بھر میں جوڈو کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائیں گے، عالمی سطح پر میڈلز جیت کر جوڈو کے کھلاڑیوں نے ملک وقوم کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی اور سپانسر کے بغیر کسی کھیل کو فروغ نہیں دیا جاسکتا حکومت کو کرکٹ کی طرح جوڈو اور دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھانے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں عالمی سطح پر پاکستان کی جوڈو رینکنگ بہتر ہوئی ہے اس عرصے میں کھلاڑیوں نے زیادہ میڈلز جیتے ہیں اور 2016 اور 2021 اولمپکس کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔