خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
مظاہرین نے یونیورسٹی روڈ، تہکال اور خیبر روڈ کو بند کردیا اور پیسکو حکام کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی، لوڈشیڈنگ کے باعث پشاور کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے، سخت گرمی میں بجلی لوڈشیڈنگ کا عذاب جاری ہے، جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ، احتجاج جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممبر قومی اسمبلی فضل الٰہی نے مشتعل مظاہرین کے ہمراہ پشاور میں پیسکو گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا تھا۔
اس سے قبل بھی فضل الہیٰ کی جانب سے ہجوم کے ہمراہ پیسکو سب ڈویژن میں داخل ہو کر زبردستی بجلی بحال کرنے اور کار سرکار میں مداخلت پر پیسکو نے پشاور پولیس کو ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی۔