آئی سی سی وفد نے چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات اور سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہارکر دیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے آ ئی سی سی کے وفد کی ملاقات ہوئی اور آ ئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، آئی سی سی نے وفد کا کراچی اور راولپنڈی میں چیمپئنز ٹرافی کے لئے کئے انتظامات اور سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کردیا۔
آ ئی سی سی وفد کی سینئر منیجر ایونٹس سارہ ایڈگر، ایونٹ منیجر و چیمپئنز ٹرافی ایونٹ لیڈ عون محمد زیدی، جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان،سکیورٹی منیجر ڈیوڈ مسکر نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کے دوران آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے سکیورٹی انتظامات پر بھی بات چیت کی۔
وفد نے کراچی اور راولپنڈی میں چیمپئنز ٹرافی کے لئے کئے گئے انتظامات اور سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوے تسلی بخش قرار دیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے عالمی معیار کے انتظامات کی یقین دہانی کرواتے ہوے کہا کہ سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا۔
تمام ٹیموں کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد ایک اعزاز ہے۔ جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے اس کے مطابق انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔
تمام ٹیموں کے کھلاڑی پرامن اور محفوظ ماحول میں کرکٹ کے کھیل کو انجوائے کریں گے، اپ گریڈیشن کے بعد اسٹیڈیمز میں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں ہوں گی اور شائقین کرکٹ میچز سے زیادہ محظوظ ہوں گے۔