روس نے ملک کی آبادی میں اضافے کیلئے خصوصی وزارت بنانے پر غور شروع کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس میں گرتی ہوئی شرح پیدائش سے نمٹنے کے لیے صدر ولادیمیر پیوٹن کی حمایتی اور روسی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے خاندانی تحفظ کی سربراہ نے خصوصی وزارت کے قیام کے حوالے سے پیش کی گئی ایک پٹیشن پر غور شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ روس میں شرح پیدائش کی صورتحال یوکرین جنگ کے باعث ہونے والے بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے مزید خراب ہو گئی ہے۔
جس کے بعد روسی حکام نے ملک کی آبادی میں اضافے کے لیے صدر پیوٹن کی اپیل پر مختلف حکمت عملیوں کا آغاز کیا ہے۔
روسی میگزین کے مطابق GlavPR نامی ایک ایجنسی کی جانب سے درخواست کی گئی کہ ملک میں گرتی ہوئی شرح پیدائش سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے خصوصی وزارت قائم کی جائے۔
ادھر صدر پیوٹن کی حامی اور ڈپٹی میئر اناستاسیا ر نے خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کی پیدائش کو ترجیح دیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روس میں آبادی بڑھانے کیلئے رات 10 بجے سے 12 بجے تک لائٹیں اور انٹرنیٹ بند رکھنے کی تجویز شامل ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک اور تجویز یہ بھی ہے کہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے حکومت جوڑوں کی ملاقاتوں کے اخراجات میں مالی تعاون فراہم کرے۔
ایک اور تجویز یہ بھی ہے کہ عوامی فنڈز کے ذریعے جوڑوں کے لیے شادی کی رات ہوٹل میں قیام کے اخراجات اٹھائیں جائیں۔
واضح رہے کہ روس میں مختلف علاقے جوڑوں کو بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینے کے لیے مختلف اقدامات کررہے ہیں۔