پاکستان نے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی روکنے اور جنگی جرائم پر مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر دیا۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں غزہ و دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور لبنان کی صورتحال پر بلائے گئے مشترکہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ دنیا اسرائیلی جرائم سے صرف نظر کر رہی ہے، غزہ میں انسانی بحران تصور سے بڑھ کر ہے ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے تمام حدیں پار کر کے عالمی انسانی تحفظ کے قانون کے چیتھڑے اڑا دیے ہيں ۔ فوری طور فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھوک، افلاس اور قحط نے غزہ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں، غزہ میں فوری جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیل کے ایران کے خلاف اقدامات پر بھی اظہار تشویش کی اور ساتھ ہی لبنان پر حملوں کی بھی مذمت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم سے امن کو خطرات لاحق ہیں، اسرائیل کے ایران کے خلاف اقدامات پر بھی شدید تشویش ہے، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔