پاکستان ریلوے کی آمدن تاریخ کی بلند ترین سطح 33 ارب روپے پر پہنچ گئی۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان ریلوے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محکمے نے 5 ماہ میں مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں سے 33 ارب روپے کما لیے جب کہ گزشتہ سال اسی دورانیے میں 19 ارب روپے آمدن ہوئی تھی۔
چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ریلوے عامر علی بلوچ نے مارچ 2025 تک کراچی سے پشاور تک مین لائن-ون(ایم ایل۔ون) پر گراؤنڈ ورک شروع ہونے کا روشن امکان ظاہر کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایم ایل ون کراچی تا پشاور 1872 کلو میٹر ریلوے ٹریک منصوبہ ہے، پاکستان اور چین نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) فیز-2 میں 6 ارب 80 کروڑ ڈالر کے اس منصوبے پر مرحلہ وار عمل درآمد پر اتفاق کیا ہے جس کا پہلا مرحلہ کراچی سے ملتان تک اور دوسرا ملتان سے پشاور تک ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان نے چین سے کہا تھا کہ وہ مین لائن ون (ایم ایل-1) اور کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) منصوبے کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد کے کام کو تیز کرے جیسا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پایا تھا۔