چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی آج بھی ملک کے کونے کونے میں موجود ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے 57 ویں تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے 150علاقوں سے مخاطب ہوں، ہماری جماعت تین نسلوں کی جدوجہد کے بعد آج بھی ملک کے کونے کونے میں موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی یہ طویل جدوجہد پاکستان کی عوام، جمہوریت اور معاشی ترقی کے لیے عوام کے سامنے ہے، ہمارا سفر شہید ذوالفقار علی بھٹو سے شروع ہوا جنہوں نے نہ صرف جمہوریت کی بنیاد رکھی بلکہ سرزمین بے آئین کو پہلا متفقہ اسلامی جمہوری وفاقی آئین دیا۔
بلاول بھٹو نے کہا عوام قائد عوام کی سوچ کو پاکستان کے مسائل کا حل سمجھتے ہیں، انہوں نے اس ملک کو سب سے پہلے عوام دوست معاشی پالیسی دی تھی، روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر اور انقلابی اصلاحات کرنے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار عوام کو فائدہ پہنچا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ قائد عوام نے پاکستان کو ایٹمی ہتھیار کا تحفہ دیا جس کی بدولت پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کے خلاف تحفظ فراہم کیا تھا، بدقسمتی سے پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم کو عدالتی قتل کے ذریعے شہید کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آمروں نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کے لیے تمام طریقہ کار اختیار کیے مگر عوام کے ساتھ، کارکنوں کے خون اور محنت کی وجہ سے ہماری جماعت شہید محترمہ بینظیر کی قیادت میں موجود رہی، ایک نہتی لڑکی نے پارٹی کی قیادت کرتے ہوئے ایک نہیں دو آمروں کا مقابلہ کیا۔