چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے آج کا اجلاس ملتوی ہو گیا، آنے والے دنوں میں قوم کی توقعات سے بڑھ کر فیصلہ ہوگا، ملک میں تمام گراؤنڈز کی حالت جلد بہتر ہوجائے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے آج اجلاس تھا جو ملتوی ہوگیا، جیسے ہی چیزیں حتمی طور پر طے ہوجائیں گی سب بتادیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے، سب بہتر ہوگا، آنے والے دنوں میں قوم کی توقعات سے بڑھ کر فیصلے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قبل از وقت شرائط کے حوالے سے اس وقت کوئی بات نہیں کروں گا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس میں فیصلوں کی منظوری کے بعد ہی حتمی بات کی جائے گی، کچھ چیزیں حقیقت پر مبنی نہیں، ہم پاکستان اور بین الاقوامی کرکٹ کے لیے بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس وقت بات چیت چل رہی ہے کسی بھی چیز پر تبصرہ نہیں کروں گا، اگر آئی سی سی کام کرے گا تو پوری دنیا کی کرکٹ بہتر ہوگی، مجھے امید ہے سب بہتر ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جہاں گراؤنڈز نہیں ہیں وہاں زمین خریدی جائے گی، جو میدان پہلے سے موجود ہیں ان کی حالت بہتر کرنی ہے، ہر شہر میں گراؤنڈز کو فعال کرنے پر ہماری توجہ مرکوز ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک لیول پر ہر چیز کو بہتر کرنا ہے تا کہ ہمارے پاس اچھے کھلاڑی آئیں، ہماری خواہش ہے کہ پشاور کا اسٹیڈیم تیار ہوجائے اور دیگر میدانوں کی تزین و آرائش کا کام بھی مکمل ہو تاکہ ہم ان شہروں میں میچز کروائیں جہاں ٹورنامنٹس انعقاد نہیں ہورہا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے پر بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار ہے جس کے باعث آج انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔