پشاور۔پاکستان میں بنگلہ دیش کے سفیر محمد اقبال حسین خان نے کہا کہ ہے موجودہ دور معاشی ترقی کا دور ہے اور بی آر آئی کے ذریعہ جہاں دنیا بھر کے ممالک سڑک کے راستے ایک دوسرے سے مل جائیں گے وہیں یہ منصوبہ معاشی و اقتصادی ترقی کے لئے بھی سنگ میل ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر کیا۔پاکستان میں بنگلہ دیشی سفارت کار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بنگلہ دیشی سفیر نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریوں کا دورہ کیا، فرینڈ شہ وال پر دست خط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔چینی زبان سیکھنے والے طلبا سے خطاب میں انہوں نے زبانوں کی اہمیت کاذکر کیا اور اور کہا کہ وہ قومیں زیادہ ترقی کرتی ہیں اپنی مادری زبانوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی زبانوں پر عبور حاصل کریں۔

موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ مختلف زبانیں سیکھی جائیں تاکہ دنیا بھر میں ملازمتوں کے حصول میں نوجوانوں کو کامیابی ملے۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز میں چینی زبان سکھانے کی کلاسیں لائق ستائش ہیں۔بعدازاں میڈیا سے گفت گو میں بنگلہ دیش کے سفیرعزت مآب محمد اقبال حسین خان نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں دونوں ممالک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہیں۔تجارت کے شعبہ میں دونوں ممالک کے سرمایہ کار ایک دوسرے ملک میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اور ان کے خیال میں سرمایہ کاروں کو فائدہ بھی اٹھانا چاہئیے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جلد ہی پاکستان سے بنگلہ دیش کے لئے براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پشاور کا دورہ کر کے انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔

بنگلہ دیش کے سفیر محمد اقبال حسین خان نے اپنے دورے کے پہلے دن آئی ایم سائنسز کا دورہ کیا جبکہ خیبر پختون خوا اکنامک زونز منیجمنٹ کمپنی میں ہونے والی بریفنگ میں بھی شرکت کی جہاں انہیں بتایا گیا کہ خیبر پختون خوا میں کئی سپیشل اکنامک زون بنائے جا رہے ہیں جس سے صوبے میں معاشی ترقی ہو گی اور صوبے کے عوام خوش حال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے تین روزہ دورے میں تاجروں اور صنعت کاروں سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ پشاور کے تاریخی مقامات کا بھی دورہ کریں گے۔محمد اقبال حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش میں یوتھ کے انقلاب کے بعد حالات معمول پر آ گئے ہیں اور بنگلہ دیش کامیابی کے شاہراہ پر گامز ن ہے۔