پشاور- گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سی پیک نہ صرف پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کا منصوبہ ہے بلکہ خیبر پختونخوا میں بھی عوام کی خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔سی پیک کے مثبت پہلوں سے متعلق عوام کو آگہی کی ضرورت ہے جس کے لئے سیمینار اور ورکشاپس کا انعقاد وقت کا تقاضا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک سے گفت گو میں کیا جنہوں نے گورنر ہاس میں ان سے ملاقات کی۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے اپریل میں سی پیک سے متعلق تین روزہ بین الاقوامی سیمینار کے انعقاد کو لائق ستائش قرار دیا اور کہا کہ سی پیک میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو سیمینار میں شرکت کی دعوت دی جائے تاکہ ان کے تجربات سے عوام کو آگہی ملے ۔
گورنر نے اس سلسلہ میں چائنہ ونڈو کے منتظمین کو۔ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ سیمینار کی کامیابی سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پشاور سمیت صوبے بھر میں سرمایہ کاری کے لئے ترغیب دینے میں بھی مدد ملے گیقبل ازیں امجد عزیز ملک نے گورنر کو بتایا کہ آئی ایم سائنسز اور چائنہ ونڈو نے مشترکہ طور پر سی پیک انٹرنیشنل سیمینار 15 سے 17 اپریل تک پشاور میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سیمینار میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے 250 مندوبین شرکت کریں گے۔مندوبین کو سپیشل اکنامک زون کا دورہ بھی کروایا جائے گا اور مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ان کی ملاقاتیں بھی کروائی جائیں گی۔