قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی لاہور سے باکو کے لیے پروازوں کا آغاز ہوگیا، پہلی پرواز لاہور سے 152 مسافروں کو لے کرروانہ ہوگئی۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق پرواز کی روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے، آذربائیجان کے سفیرخضر فرہادوف اور وزارت ہوابازی کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل لوگوں کا خیال تھا کہ پی آئی اے مشکل سے کبھی باہر نہیں نکل سکے گی مگر وزیر اعظم کی زیر قیادت جامع اصلاحاتی پروگرام کے بعد آج پی آئی اے اپنے قدموں پر کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اپنے نیٹ ورک کو وسعت دے رہی ہے اور باکو کے لیے پروازوں کا آغاز اس سلسلے کی کڑی ہے۔
خواجہ آصف نے آگاہ کیا کہ برطانیہ سمیت دیگر ممالک سے روٹس کےلیے مذاکرات جاری ہیں، جہازوں کا فلیٹ بھی بڑھا رہے ہیں۔
دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی لاہور سے باکو براہ راست پروازوں کے آغاز پر اظہار مسرت کیا ہے۔
اپنے پیغام میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ لاہور اور باکو کے درمیان براہ راست پروازوں سے شعبہ سیاحت کو فروغ دیا جا سکے گا، یہ سفارتی سطح پر پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آذربائجان اس خطے میں پاکستان کے بہترین دوستوں میں سے ایک ہے، سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں آذربائجان کے ساتھ اشتراک کے لیے کوشاں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر دوست ممالک کےساتھ پی آئی اے کی ڈائیریکٹ پروازیں جلد شروع کی جائیں گی۔