امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت فوری اور مکمل سیز فائر کے لیے تیار ہوگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی صدر نے اس بات کا انکشاف کیا۔
ایکس پر بیان میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے رات بھر ثالثی کی اور مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ بھارت اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ عظیم ذہانت اور سمجھداری پر دونوں ممالک کو مبارکباد۔
ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ!
ادھر، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایکس پر بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران امریکی نائب صدر اور میں نے سینئر بھارتی اور پاکستانی عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی، جن میں وزیر اعظم نریندر مودی اور شہباز شریف، وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر، چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر، اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور عاصم ملک شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان اور بھارت نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے اور ایک نیوٹرل مقام پر وسیع مسائل پر بات چیت شروع کر دی۔
دریں اثنا، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے بتایا کہ سیز فائر کا اطلاق فوری ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔