بھارتی اداکارہ ودیا بالن بالی وڈ میں پاکستان اداکاروں و گلوکاروں پر پابندی کے خلاف بول پڑیں۔
مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں غاصب بھارتی فوج پر کارخود کش حملے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔
ہندو انتہاپسندوں کے دباؤ کے باعث پاکستانی اداکاروں، گلوکاروں اور ٹیکنیشنز کے کام کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سلمان خان نے اپنی پروڈکشن میں بننے والی فلموں میں عاطف اسلم کی آواز میں گیت بھی شامل نہیں کیے ہیں۔
لیکن اباداکارہ ودیا بالن پاکستان اداکاروں و گلوکاروں کی حمایت میں سامنے آئی ہیں۔
ودیا بالن نے اپنے ریڈیو شو ’ دھن بدل کر دیکھو‘ کی تقریب میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ فن سے زیادہ انسانوں کو ایک دوسرے سے کوئی چیز نہیں جوڑ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ موسیقی، شاعری، رقص، تھیٹر، سنیما انسانوں کو قریب لانے کے ذرائع ہیں لیکن اب بہت ہوگیا اور لگتا ہے کہ اس بار سخت موقف اختیار کرنے کا وقت آگیا ہے۔
یاد رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کارخودکش حملے میں 45 سے زائد بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
اس حملے کے بعد سے بھارتی حکومت اور انتہا پسند ہندؤں نے منظم انداز میں پاکستان سے نفرت انگیز مہم شروع کررکھی ہے جس میں بھارتی میڈیا بھی پیش پیش ہے۔