اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے شاہ بحرین شیخ حماد بن عیسٰی الخلیفہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے شاہ بحرین کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، بھارتی حکومت کا اعلان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا کوئی بھی یکطرفہ اقدام کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارت کے غیرذمہ دارانہ اور یکطرفہ اقدام کو روکنے میں کردار ادا کرے لہٰذا عالمی برادری خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے بھارتی اقدام کو روکے۔
وزیراعظم سے گفتگو میں شاہ بحرین کا کہنا تھا کہ بحرین تشویش کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے، امید ہے کہ تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں گے۔