افغان طالبان نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن زلمے خلیل زاد سے پاکستان میں ملاقات پر رضامندی ظاہر کی ہے اور اس مقصد کیلئے طالبان وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔
امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے جب کہ ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں افغان طالبان کا اعلیٰ سطح وفد بھی آج اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد کل (جمعرات) کو وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ طالبان رہنما زلمےخلیل زاد کی پاکستان آمد سے آگاہ اور ملاقات کے لیے تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق طالبان کا کہنا ہے ہم مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹے بلکہ یہ امریکا ہے جو مذاکرات سے پیچھے ہٹا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ پاکستان، امن مذاکرات کی بحالی کا خواہاں ہے، افغان مسئلے کے پر امن حل اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی دعوت پر طالبان سیاسی کمیشن کا وفد دوحا سے پاکستان آ رہا ہے، طالبان وفد کے دورہ پاکستان سے امریکا، طالبان امن مذاکرات کے تحت اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق طالبان وفد کے دورے میں رکے ہوئے افغان سیاسی حل کی بحالی پر بھی بات چیت کی جائے گی، طالبان وفد کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔