افغانستان میں ایک مسجد میں بم دھماکے کے نتیجے میں 62 افراد جاں بحق اور 36 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار کے ضلع ہسکہ مینا کی مسجد میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 62 افراد جاں بحق اور 36 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ننگرہار صوبے کے ترجمان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں مسجد کی چھت گر گئی ، زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کا کام جاری ہے ۔ دھماکے کے وقت نماز جمعہ ادا کی جارہی تھی اور واقعے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
بم دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ یہ دھماکا ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب حال ہی میں اقوام متحدہ کی جانب سے گذشتہ 3 ماہ میں افغانستان میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ میں افغانستان میں ہونے والے بم دھماکوں اور دیگر واقعات میں متاثر ہونے والے شہریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس ناقابل قبول قرار دیا ہے۔