پشاور(سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختون خوا اسفند یار خٹک نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ لیور پول کی خواتین فٹ بال ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی اور ایبٹ آباد میں فٹ بال میچ کھیلے گی اس میچ کے انعقاد کا بنیادی مقصد دنیا پر یہ واضح کرنا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور ہم کھیلوں کا فروغ چاہتے ہیں تاکہ دوستی کے رشتے مضبوط ہوں اور سیاح پاکستان کے شمالی علاقے دیکھنے کے لئے آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطینی سپورٹس جرنلسٹس کے ایک وفد سے گفت گو میں کیا جس نے سینیئر صحافی منذر ذاہران کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ ایشین سپورٹس جرنلسٹس اے آئی پی ایس ایشیا کے سیکرٹری جنرل، کے پی سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز احمد خان اور سیکرٹری جنرل عمران یوسفزئی علاوہ مقامی سپورٹس جرنلسٹس بھی اس موقع پر موجود تھے۔اسفندیار خٹک نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں سے جہاں کھلاڑیوں کو کھیلنے کے بہترین مواقع میسر آتے ہیں وہیں بیرون ملک مثبت پیغام بھی جاتا ہے چونکہ بدقسمتی سے پشاور سمیت سارا صوبہ طویل عرصہ تک دہشت گردی کا شکار رہا جس سے کھیل بھی بری طرح متاثر ہوئے لیکن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے گذشتہ دور میں انڈر23 مقابلوں کے انعقاد سے نئے دور کا آغاز کیا جبکہ اب قومی کھیلوں کے انعقاد سے ساری دنیا کو امن کا پیغام بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی کھیلوں کی تاخیر کے باوجود کھلاڑی اور منتظمین انتہائی پر عزم ہیں اور انہیں یقین ہے کہ دس سے پندرہ نومبر تک پشاور میں منعقد ہونے والے قومی کھیل اپنی مثال آپ ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ کھیلوں کے لئے تمام انتظامات بروقت مکمل کر لئے گئے تھے اور کھیلوں کے التواء کے بعد ان میں مزید بہتری لائی گئی ہے۔صوبے کے کھلاڑیوں کو پہلے ہی میڈلز حاصل کرنے پر نقد انعامات کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے مہمان سپورٹس جرنلسٹس کو پشاور میں خوش آمدید کہتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ وہ فلسطین سمیت عرب ممالک میں پشاور کا سافٹ امیج اجاگر کریں گے تاکہ دنیا کو پتا چلے کہ ہم نے دہشت گردی کو شکست دینے میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا اور اب کھیلوں اور کھلاڑیوں کے ذریعہ کامیابیوں اور کامرانیوں کا سفر طے کرنا چاہتے ہیں۔ اسفندیار خٹک نے کہا کہ میڈیا کی اہمیت مسلمہ ہے اور وہ فلسطینی سپورٹس جرنلسٹس کے مشکور ہیں جنہوں نے قومی کھیلوں کے لئے پشاور کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کو روایتی تحائق پیش کئے۔قبل ازیں فلسطین سپورٹس میڈیا کے سیکرٹری جنرل منذر ذہران نے کہا کہ جب انہوں نے پشاور آنے کا فیصلہ کیا تو شہر کے بارے میں انتہائی خوف زدہ تھے لیکن یہاں آنے کے بعد ان کی سوچ یکسر تبدیل ہو گئی ہے۔
پشاور نہ صرف پرامن بلکہ کھیلوں کے لئے ایک بہترین شہر ہے یہاں کے لوگ مہمان نواز اور محبت کرنے والے ہیں اور واپس جا کر ساری عرب دنیا کو بتائیں گے۔فلسطینی وفد نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس کو مسجد اقصیٰ کی خوبسورت شیلڈ بھی پیش کی۔بعدازاں وفد کے اراکین نے قیوم سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور کھیلوں کی مختلف سہولتوں کا جائزہ لیا ان کا کہنا تھا کہ تمام سہولتیں بین الاقوامی معیار کی ہیں اور یقینا کھلاڑی قومی کھیلوں کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔