سعودی عرب میں خواتین نے سائیکلنگ کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا، اور مختلف شہروں میں ہونے والی ریس میں ایک ہزار خواتین سائیکلسٹ نے حصہ لیا۔
سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کی سائیکل ریس کا مقابلہ منعقد ہوئے، سعودی شہروں جدہ، ریاض اور الخوبر میں ہونے والی ریس میں ایک ہزار خواتین سائیکلسٹ شریک تھیں۔
سعودی عرب میں ہونے والی اس نوعیت کے پہلے اور تاریخی مقابلے میں نادیہ شوکدی ریس کی فاتح قرارپائیں۔
سعودی حکام نے اس مقابلے کو سعودی عرب کی تاریخ میں صحت اور خوشحالی کے حوالے سے اہم قدم قرار دیا ہے۔
سعودی اسپورٹس فیڈریشن کے مطابق سعودی عرب میں سائیکلنگ کو تیزی سے فروغ حاصل ہورہا ہے اور بڑی تعداد میں سعودی خواتین سائیکل چلانے میں دلچسپی لے رہی ہیں۔
عرب نیو ز نے بتایا کہ سعودی عرب کے وژن 2030 کے مطابق آئندہ 10 سالوں میں جسمانی سرگرمیوں میں 40 فیصد اضافے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران سعودی عرب کی حکومت نے ملک میں معاشی اور سماجی اصلاحات کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں جن میں خواتین کو بہت سے شعبوں میں با اختیار بنانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
ان اصلاحات میں خواتین کے ڈرائیونگ کرنے پر عائد پابندی کے خاتمے سمیت سعودی خواتین کو مرد سرپرست کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دینا شامل ہے۔
اس کے علاوہ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو سفیر بھی تعینات کیا گیا جب کہ خواتین سیاحوں کے لیے عبایا لینے کی لازمی شرط بھی ختم کردی گئی، گذشتہ سال سعودی عرب میں ہونے والی فارمولا کار ریس میں پہلی بار خاتون ڈرائیور نے شرکت کرکے تاریخ رقم کی تھی۔