ترک صدر رجب طیب اردوان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ترکی کے لیے وہی ہے جو پاکستان کے لیے ہے۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا جس کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پاکستان کے عوام کے نمائندہ ایوان کی طرف سے ترک صدر رجب طیب اردوان کو خوش آمدید کہا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کے عوام کو نمائندہ ایوان کے توسط سے سلام محبت پیش کرتا ہوں، مشترکہ اجلاس سے خطاب کا موقع فراہم کرنے پر سب کا شکر گزار ہوں، جس طرح سے پاکستان میں پرجوش استقبال ہوا اور مہمان نوازی ہوئی اس پر پوری پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان آکر کبھی خود کو اجنبی محسوس نہیں کرتا، پاکستان میرے لیے دوسرے گھر کا درجہ رکھتا ہے، آج ترکی اور پاکستان کے تعلقات قابل رشک ہیں۔
کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترک صدر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ کشمیر ترکی کے لیے وہی ہے جو پاکستان کے لیے ہے، پاکستان کا دکھ ترکی کا دکھ ہے اور پاکستان کی خوشی ترکی کی خوشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے کشمیری بھائیوں کی تکالیف میں اضافہ ہوا لیکن مسئلہ کشمیر کا حل جبری پالیسیوں سے نہیں بلکہ انصاف سے ممکن ہے۔