پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے خطاب کا نیا شیڈول جاری کردیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق لاہور میں ن لیگ کا 7 اکتوبر کو ہونے والا اجلاس اب 8 اکتوبر کو ہو گا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس سے نوازشریف بھی خطاب کریں گے اور تمام ممبران کو اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے گزشتہ دنوں بھی نواز شریف نے پارٹی اجلاسوں اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے خطابات کیے تھے جس کے بعد پیمرا حرکت میں آگیا تھا۔
اس کے علاوہ سابق وزیراعظم نوازشریف سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف بغاوت کا مقدمہ لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں درج کیا گیا ہے جس پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت رد عمل کا اظہار کیا جب کہ حکومت نے اس مقدمے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف ایف آئی آر کے مطابق نواز شریف نے اشتعال انگیز تقاریر کیں، ملک کے مقتدر اداروں کو بدنام کیا، بھارت کی پالیسیوں کی تائید کی تاکہ پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہی رہے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف بغاوت کے مقدمے کا مدعی بدر رشید ہیرا خود بھی کریمنل ریکارڈ یافتہ ہے اور پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ راوی ٹاؤن کا صدر ہے اور اس کی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ساتھ ملاقاتوں کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔