پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے کسی بھی مس ایڈونچر کےخلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے مضبوط عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔
اجلاس میں جیو اسٹریٹیجک، علاقائی اور قومی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔تحریر جاری ہے
کور کمانڈرز کانفرنس میں افغان امن عمل میں مثبت پیشرفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
شرکا نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے بھارتی ریاستی دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی کوششیں خطے کے امن و سلامتی پر حملہ ہیں۔
کانفرنس میں بھارتی افواج کی سیز فائر کی حالیہ خلاف ورزیوں میں اضافے پر بھی غور کیا گیا اور بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایل او سی پر معصوم شہریوں کو بچانے کے لیے تمام اقدامات اٹھانے کا عزم کیا گیا۔
شرکا نے کسی بھی مس ایڈونچر کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔
فورم نے کووڈ-19 کی صورتحال اور وبائی مرض کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا۔
آرمی چیف نے خصوصی طور پر تمام کمانڈرز کو قومی کوششوں کی حمایت کے لیے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کے تعاون سے تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمنٹنے کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان چیلنجز کو پاکستانی عوام کے استحکام، خوشحالی کے مواقع میں تبدیل کریں۔