پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی کی گرفتاری پر کہا ہے کہ لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پر گیلانی ہاؤس میڈیا سیل کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘علی قاسم گیلانی کو پانی اور کھانے کے لیے راستہ مانگنے پر کوفی حکومت کی بے لگام پولیس نے تشدد کرتے ہوئے کارکنان کے ہمراہ گرفتار کرلیا’۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے ‘فری قاسم’ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔تحریر جاری ہے
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ری ٹوئٹ کی گئی ویڈیو میں علی قاسم گیلانی کو سنا جا سکتا ہے کہ ‘(پی ڈی ایم جلسے کے شرکا کو) پانی اور کھانا فراہم کرنے کے لیے راستہ مانگ رہا تھا اور پولیس نے مجھے گرفتار کرلیا’۔
اس دوران پولیس نے علی قاسم گیلانی کے ہمراہ ایک کارکن پر تشدد بھی کیا۔
واضح رہے کہ ملتان میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے قبل کارکنان کی جانب سے قلعہ کہنہ قاسم باغ پر دھاوے کے بعد پولیس اور انتظامیہ نے دوبارہ اسٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کا رخ کیا تھا اور انتظامی رکاوٹیں ہٹا کر اسٹیڈیم کا تالہ توڑ کر وہاں استقبالیہ کیمپ لگا لیا تھا۔
یہی نہیں بلکہ وہاں جلسے کے لیے سامان بھی پہنچایا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے رات گئے کارروائی کرتے ہوئے وہاں موجود پیپلزپارٹی کے رہنما علی قاسم گیلانی، سابق ایم پی اے جاوید صدیقی، سید عارف شاہ سمیت 25 سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا۔