پشاور (سپورٹس رپورٹر) انڈر 16 نیشنل جونیئر گیمز بیڈمنٹن ٹیم ایونٹ فائنل میں خیبر پختونخوا نے پنجاب کو دو صفر سے جبکہ خواتین ایونٹ میں بلوچستان نے خیبر پختونخوا کو شکست دیکر شکست دیکر گولڈمیڈلز جیت لئے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر چارسدہ عدیل شاہ اور ڈائریکٹرجنرل سپورٹس اسفندیارخان خٹک نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل واجد علی چوہدری ، صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر ظفر علی خان ، سیکرٹری امجد خان ، ریجنل سپورٹس آفیسر سلیم رضا، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تحسین اﷲ، ایڈمن آفیسر جعفر شاہ ،کوچ شاہ فیصل ، ندیم خان ، حیات اﷲ اور فیمیل کوچ بشریٰ سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔
ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام انڈر16 نیشنل جونیئر گیمز کے سلسلے میں چارسدہ عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ بیڈمنٹن فائنل کے انفرادی مقابلوں میں خیبر پختونخوا کے عمر جہانگیر نے پنجاب کے سعد عامر کو 21-12 اور 21-9 سے جبکہ ڈبلز میں عمر جہانگیر اور عفان نے سعد عامر اور رائے عبداللہ کو 25-23، اور 21-14 سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ مرد سنگلز فائنل میں خیبر پختونخوا کے عمر جہانگیر نے اسلام آباد کے ابراہیم رشید کو 21-19، 18-21 اور 21-17 سے، لڑکیوں کے سنگلز فائنل میں بلوچستان کی ثمیہ طارق نے سندھ کی عمارہ اشتیاق کو 21-17 ، 14-21، 21-15 سے، لڑکیوں کے ٹیم ایونٹ فائنل سنگلز میں بلوچستان کی ثمیہ طارق نے خیبر پختونخوا کی سپنا کو 21-7 اور 21-11 سے ڈبلز میں بلوچستان ہی کی ثمیہ طارق اور ثروت نے خیبر پختونخوا کی سپنا اور معراج کو 21-11 اور 21-15 سے شکست دیکر گولڈ میڈلز جیتے۔