پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شان دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کی جانب سے دیے گئے رواں سیزن کے سب سے بڑے ہدف کو آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنا کر حاصل کرلیا اور یاد گار فتح حاصل کرلی۔
قبل ازیں پی ایس ایل 2021 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بابراعظم اور شرجیل خان کی شان دار بیٹنگ اور ریکارڈ اوپننگ شراکت کی بدولت مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 196 رنز بنا لیے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی کے بابر اعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور آگے بڑھایا۔تحریر جاری ہے
ابتدا میں دونوں بلے بازوں نے محتاط کھیل پیش کیا لیکن پھر دونوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا اور دونوں اوپنرز نے نصف سنچریاں بنائیں۔
کراچی کنگز کی جانب سے پی ایس میں 100 رنز سے زائد کی یہ تیسری شراکت ہے، اس دورا ن شرجیل خان نے 32 گیندوں میں نصف سنچری بنائی، الیکس ہیلز نے ان کا کیچ اس وقت گرایا جب وہ 70 رنز بنا چکے تھے۔
بابراعظم نے دوسرے اینڈ سے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 13 ویں اوور میں 39 گیندوں پر چھکے کے ساتھ نصف سنچری مکمل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ باؤلر نے شرجیل کو 126 کے مجموعے پر آؤٹ کردیا تھا اور اس وقت وہ 70 رنز پر کھیل رہے تھے لیکن امپائر نے نشان دہی کی کہ یہ نو بال جس پر وہ بیٹنگ کے لیے واپس آگئے۔
یونائیٹڈ کے باؤلرز نے نوبالز کا سلسلہ جاری رکھا اور بابر اعظم کو نو بال پر دو مواقع فراہم کردیے، جس کے نتیجے میں پی ایس ایل کی سب سے بڑی شراکت 159 رنز بنائے، جو اس سے قبل ملتان سلطانز کے پاس تھا۔
شرجیل خان نے مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور لیگ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلی وکٹ کے حصول کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا اور 176 کے مجموعے پر الیکس ہیلز نے بابراعظم کا ایک اورکیچ گرا دیا لیکن اس مرتبہ انہوں نے رن آؤٹ کردیا۔
بابر اعظم کی 62 رنز کی اننگز شرجیل خان کے ساتھ پی ایس ایل کی ریکارڈ 176 رنز کی شراکت کے بعد اختتام کو پہنچی۔
حسن علی نے دوسری ہی گیند پر شرجیل خان کو ایل بی ڈبلیو کرکے مسلسل دوسری وکٹ گرادی، شرجیل 59 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جس میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔
کراچی کنگز نے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 196رنز بنا لیے۔
ایونٹ کے اب تک کے سب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز بھی کچھ اچھا نہیں تھا اور فل سالٹ پہلے ہی اوور میں عماد وسیم کی اسپین ہوتی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کپتان شاداب خان 13 کے مجموعے میں اپنا حصہ ملائے بغیر محمد عامر کو وکٹ دے کر واپس چلے گئے لیکن اس کے بعد ٹیم کے آنے والے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور کراچی کنگز کو پریشان کر دیا۔
الیکس ہیلز نے فیلڈنگ میں جہاں انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن بیٹنگ میں اس کا ازالہ کرنے کی بھرپور کوشش کی اور ابتدائی 5 اوورز میں ٹیم کا اسکور 68 رنز تک پہنچایا لیکن 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
فہیم اشرف نے بھی الیکس ہیلز کا بھر پور ساتھ دیا تھا لیکن ہیلز کے بعد وہ بھی فوری آؤٹ ہوئے اور انہوں نے 15 گیندوں پر 25 رنز بنائے تھے۔
افتخار احمد اور حسین طلعت نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اسکور اچھی رفتار سے آگے بڑھایا۔
حسین طلعت نے افتخار کے ساتھ مل کر ٹیم کو اچھی پوزیشن پر لایا اور 42 رنز بنا کر محمد نبی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس وقت یونائیٹڈ کا اسکور 176 رنز تھا۔
آصف علی آخر میں آنے والے بلے باز تھے جنہوں نے محمد عامر بلند و بالا چھکے لگا کر ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا.
افتخار احمد نے وننگ رن لیا جبکہ وہ محض ایک رن کے فرق سے نصف سنچری مکمل نہیں کر پائے اور انہوں نے ناقابل شکست 49 رنز بنائے.
اسلام آباد یونائیٹڈ نے سب سے بڑے ہدف کو آخری اوور کی پہلی گیند میں حاصل کرلیا اور 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے الیکس ہیلز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.
خیال رہے دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اپنے پہلے میچز میں کامیابی حاصل کر چکی ہیں اور دونوں ٹیموں نے اس میچ کے لیے کوئی تبدیلیاں نہیں کی ہیں۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ اچھی ہے جبکہ ہماری باؤلنگ لائن مضبوط ہے اور ہمیں زیادہ سے زیادہ رنز اسکور کرکے اچھی باؤلنگ کرنی ہوگی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ ہمیں باؤلنگ میں زیادہ محنت کرنی پڑے گی اور کراچی کو کم سے کم رنز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔