قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نےکہا ہےکہ ملک میں لوڈشیڈنگ کی وجہ صرف نااہلی اور غفلت نہیں، تین سال میں بدترین کرپشن ہوئی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی نااہلی سے عوام کو پھر لوڈ شیڈنگ کے جہنم میں دھکیل دیا ہے، ہم نے 2013 میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا یہ حکومت اسے واپس لے آئی ہے، ہم نےساہیوال کول پراجیکٹ سمیت متعدد پاور منصوبے لگائے اور ملک کو کھربوں روپے کا فائدہ دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ن لیگ پر کرپشن کا الزام لگا کر عوام کو سزا دی گئی،ناقص منصوبوں کے باعث معیشت تباہ ہو چکی ہے، 5 کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں،یہ ہے وہ نیا پاکستان جس کےلیے ہمیں بدنام کیا گیا، تین سال میں نیب نیازی گٹھ جوڑ ایک دھیلےکی کرپشن سامنے نہیں لاسکا۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ہمیں بجلی کے زائد منصوبے لگانےکا طعنہ دیا گیا ،اگر ایسا ہےتو پی ٹی آئی کیوں سولر انرجی،ونڈ پاور اور گیس پاور پلانٹ لگانےکا کہہ رہی ہے؟ حکومت ایل این جی اوربجلی منصوبوں میں شارٹ اور لانگ ٹرم پالیسی بنانےمیں ناکام رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاور منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن سامنے نہیں آئی، تین سالوں میں بدترین کرپشن کرکے ملک کو لوٹا گیا اور اپنی اے ٹی ایمز کی جیبیں بھری گئیں، روزانہ 8 سے دس دس گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ، عوام خود فیصلہ کر لیں کون سچا تھا اور کون جھوٹا ہے۔