پشاور(سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اینڈ یوتھ آفیئرکے زیر اہتمام 29 ویں نیشنل سپورٹس فیسٹیول برائے افراد باہم معذوری پروقار تقریب میں اختتام پذیر ہوگئی، فیسٹول میں مجموعی طور پرخیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میلہ لوٹ لیا، پنجاب نے دوسری اور گلگت بلتستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی ،
ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن(ر) خالد محمود نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈپٹی سیکرٹری عادل صافی، ڈائریکٹر یوتھ سلیم جان مروت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خیبرنوید اکبر، ڈائریکٹر آپریشن سید ثقلین شاہ سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں۔آخری روز کھیلے گئے خواتین ویل چیئر کرکٹ فائنل میں خیبرپختونخوا پنجاب کو 28 رنز سے شکست دی، خیبرپختونخو ا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 48 رنز بنائے جواب میں پنجاب کی ٹیم 20 رنز بناسکی، سٹینڈنگ کرکٹ میں صوابی نے پشاور کو شکست دیکر پہلی پوزیشن حاصل کی،
رسہ کشی فائنل میں خیبر پختونخوا نے گلگت بلتستان کو دو صفر سے شکست دیکرگولڈ میڈل حاصل کیا،بلائنڈ کرکٹ میں پشاور نے اٹک کو چھ وکٹوں سے شکست دی، ٹیبل ٹینس کیٹیگری کے ویل چئیر ون میں ایف او پی پشاور الطاف نے سونے اور پی سی پی پشاور کے زبیح اللہ نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔اسی کیٹیگری کے خواتین مقابلے پی سی پی کے زینب برکت نے جیتے۔ایبٹ آباد کے زینب نور کی دوسری پوزیشن رہی۔ووڈ بال سٹینڈنگ مقابلے صدہ اپر دیر کے داود شاہ نے جیتے۔صوابی کے فیصل نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔پاور لفٹنگ 55kgمیں اے آر پی ڈی کی گلشن نے پہلی اور سن شائن اسلام آباد کی کومل نے دوسری پوزیش حاصل کی۔بیڈمنٹن سٹیڈنگ مقابلے ایس ایل ایف پشاور کے فہد نے جیت لئے۔
لکی کے شہر یارنے دوسری پوزیشن حاصل کی۔اسی طرح بیڈمنٹن ویل چئیر بیڈمنٹن میں پنڈی کے شعیب نے پہلی اور لکی کے شاہ فیصل نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔بیڈمنٹن کی تیسری کیٹیگری ویل چئیر ایس سی ون میں پی سی پی کے ثنا اللہ نے بہترین کھیل پیش کرکے مقابلہ جیت لیا۔این پی اے دیر کے بلال رنرز اپ رہے۔چوتھی کیٹیگری بیڈمنٹن کرچس ون میں ایس ڈبلیو او کے آصف نے سونے کا تمغہ جبکہ پی ایس پی ڈی کے صابر نے چاندی کا تمغہ جیتا۔
خیبرپختونخواآرچری کلب کے زیراہتمام خواتین آرچری مقابلوں میں بیس سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیاجس میں حسنہ بیگم نے پہلی پوزیشن جبکہ ظہرہ نے دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی۔ ٹیبل ٹینس کے کی سٹینڈنگ ون مقابلوں میں اے آر پی ڈی کے عبداللہ نے پہلی اور اے آر پی ڈی کے ہی شمس الدین نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔اسی مقابلوں کے ویل چئیر ایس سی ون پیڈو پشاور انعام اللہ نے جیت لئے۔