وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول فی لیٹر 18 روپے 50 پیسے سستا کرنے کا اعلان کردیا، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔*
قوم سے خطاب کرتے ہوئے ویراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج سے چند ماہ پہلے جب ہم نے حکومت کی ذمہ داری سنبھالی تو ہمیں ورثے میں ایک تباہ شدہ معیشت ملی، پاکستان کے اندر مہنگائی اپنے عروج پر تھی اور دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت ترین شرائط پر جو معاہدہ کیا تھا، جاتے جاتے سابق حکومت نے اس کی دھجیاں بکھیر دیں اور ہمارے لیے بارودی سرنگیں بچھا دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی کردی، جس کے لیے خزانے میں پیسے موجود نہیں تھے اور یہ کام صرف اس لیے کیا کہ ہماری حکومت مشکلات میں گرجائے۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے جب دنیا میں گیس کی قیمتیں بہت کم ہو چکی تھیں نہ صرف اس اس نے اسپاٹ مارکیٹ سے فائدہ حاصل کیا بلکہ لانگ ٹرم گیس کے معاہدے جو کہ 5 ڈالر فی یونٹ پر ہوسکتے تھے نہ کرکے بدترین غفلت بلکہ مجرمانہ غفلت کا مظاہر کیا، جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ کبھی غلط بیانی نہیں کروں گا اور ہم نے دل پر پتھر رکھ کر عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے نتیجے میں ان کی قیمتوں میں اضافہ کیا، جس پر یقیناً عام آدمی پر بوجھ پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں تھا، اگر ہمارے پاس راستہ ہوتا تو ہم آپ کے لیے یہ مشکلات کبھی پیدا نہ ہونے دیتے لہٰذا ہمیں سخت فیصلے کرنے پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا بے پایاں شکر ہے آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں اور ہمیں قیمتوں میں کمی کرنے کا موقع ملا ہے اور آپ تک اس کمی کا ایک ایک پیسہ پہنچانے کی سعادت ملی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بھی شبانہ روز کاوشوں کے بعد معاہدہ ہوچکا ہے جس کا سہرا ہمارے وزیرخزانہ مفتاح اسمٰعیل اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے کہ جنہوں نے پوری کوشش کے بعد معاہدہ کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ آج یقین دلاتا ہوں کہ اتحادی حکومت کے زعما مل کر ہم پاکستان کی منزل کی طرف رواں دواں ہیں، مشکلات دور ہوں گی اور اچھے حالات ضرور آئیں گے
ان کا کہنا تھا کہ آج رات 12 بجے کے بعد ڈیزل کی مد میں 40 روپے 54 پیسے ، پیٹرول کی مد میں 18 روپے 50 پیسے کی کمی کی جارہی ہے