پاکستان ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی انجری سے صحت یاب ہوگئے ہیں اور ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لندن میں پی سی بی کے ایڈوائزری پینل کے زیر نگرانی بحالی کے بعد شاہین شاہ آفریدی 15 اکتوبر کو برسبین میں قومی اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔
پی سی بی نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی پاکستان کی طرف سے 17 اور 19 اکتوبر کو انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف وارم اپ میچوں میں شرکت کے لیے موجود ہوں گے جبکہ اسی دوران ٹیم انتظامیہ کی طرف سے ان کی میچ فٹنس کا معائنہ بھی کیا جائے گا۔تحریر جاری ہے
خیال رہے کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی حالیہ ٹی20 ایشیا کپ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی20 ہوم سیریز سے باہر ہوگئے تھے کیونکہ سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز کے دوران دائیں گھٹنے میں انجری کی وجہ سے میڈیکل پینل نے ان کو 4 سے 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیا تھا۔
بیان کے مطابق شاہین شاہ نے کہا کہ ’وہ ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی اسکواڈ میں دوبارہ شامل ہونے کے لیے پرجوش ہیں‘ جہاں وہ اپنے حصے کی کارکردگی دکھائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ اپنے پسندیدہ کھیل اور ٹیم سے دور رہنا میرے لیے مشکل وقت تھا اور اس دوران وہ کئی سنسنی خیز اور دلچپسپ میچ نہ کھیل سکے۔
شاہین شاہ نے کہا کہ وہ گزشتہ 10 روز سے روزانہ بغیر کسی درد کے تیز رفتاری سے 6 سے 8 اوورز کروا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ وہ نیٹ میں باؤلنگ اور بیٹنگ کر رہے ہیں مگر میچ کے ماحول اور جذبے کا متبادل کچھ نہیں ہو سکتا، لہٰذا وہ اس ماحول میں واپسی کے لیے مزید انتظار نہیں کر سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ انجری سے بحالی کا یہ وقت ان کے لیے سخت اور مشکل تھا مگر ایک پروفیشنل کھلاڑی کی طرح اس سے بھرپور لطف اندوز ہوئے۔
شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ وہ خود کو پہلے سے زیادہ بہتر محسوس کر رہے ہیں اور اب وہ اپنے کھیل کی کٹ پہننے کا مزید انتظار نہیں کر سکتے۔
شاہین آفریدی نے پی سی بی کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور فٹ بال کلب کرسٹل پیلس ایف سی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تمام سہولیات سے استفادے کی اجازت دی اور انجری سے بحالی کے دوران ان کی اچھی طرح دیکھ بھال کی۔