آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد زمبابوے کو 3 رنز سے شکست دے دی۔
سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے زمبابوے کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جواب میں زمبابوے کی ٹیم 20 اوورز میں 147 رنز ہی بناسکی، یوں اسے 3 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔تحریر جاری ہے
زمبابوے کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز شان ولیمز 64 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ ریان برل 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مصدق حسین اور مستفیض الرحمٰن نے 2، 2 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
زبردست کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے والے بنگلہ دیشی باؤلر تسکین احمد کو مسلسل دوسرے میچ میں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
قبل ازیں برسبین میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر زمبابوے کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنر نجم الحسین شانتو 55 گیندوں پر 71 بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
ان کے علاوہ سومیا سرکار صفر، لٹن داس 14، کپتان شکیب الحسن 23، عفیف حسین 29، مصدق حسین 7 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
زمبابوے کی جانب سے رچرڈ شپ اور موزاربانی نے 2،2 جب کہ سکندر رضا اور شان ولیمز ایک، ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس طرح بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے اور زمبابوے کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا۔
واضح رہے کہ آج ٹی 20 ورلڈ کپ میں 2 اور میچز بھی کھیلے جائیں گے، پاکستان کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا جب کہ بھارت اور جنوبی افریقہ آمنے سامنے ہوں گے۔