مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ہے کہ آپ کا اور میرا محبوب قائد بہت جلدی انشا اللہ آپ کے درمیان موجود ہوگا۔
لندن میں تقریباً 4 مہینے قیام کے بعد واپس آنے کے بعد لاہور ایئر پورٹ پر جلسے سے خطاب میں استقبال پر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو خوش خبری سنادوں کہ آپ کا اور میرا محبوب قائد بہت جلد آپ کے درمیان موجود ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف 3 دفعہ حکومت میں آئے لیکن انہوں نے حکومت سے نکال دیا، دو دفعہ ملک سے نکال دیا لیکن آج بھی نواز شریف اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف بار بار پہلے سے بڑھ کر طاقت سے واپس آیا اور آنے والے دنوں میں وہ پھر واپس آئے گا۔تحریر جاری ہے
مریم نواز نے کہا کہ مجھے جو نئی ذمہ داری ملی ہے، اس کے بارے میں کارکنوں، عوام اور پارٹی سے وعدہ کرتی ہوں کہ ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جولائی 2017 میں ترقی کرتے ہوئے پاکستان میں نواز شریف کو ایک اقامے پر نکال دیا، وہ قومی سانحہ تھا، 28 جولائی 2017 پاکستان کا بہت بڑا سانحہ تھا، وہ دن ہے اور آج کا دن ہے پاکستان سنبھل نہیں رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک قوم کو مشکل سے نہیں نکالیں گے، اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے ہیں، نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف نے ان سے انتقام نہیں لیا لیکن اللہ کے حساب اور کتاب کا نشانہ بنے ہو۔
انہوں نے کہا کہ مجھے احساس ہے، نواز شریف کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے، بجلی، گیس اور روٹی مہنگی ہے لیکن قوم سے وعدہ ہے کہ نواز شریف ہی تھا جس نے قوم کو مشکل سے نکالا اور تین دفعہ ملک کو ترقی پر ڈالا تو امید رکھنا ترقی کرتا پاکستان بہت جلد واپس آئے گا۔
کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو محض ایک اقامے پر باہر کردیا ہے، جس کی 9 سال کی کارکردگی کو اگر پاکستان کی 75 سالہ ترقی سے باہر نکال دو تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا۔
ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتا کہ نواز شریف کو نااہلی یا اہلیت کی سزا ملی، وہ دن دور نہیں جب نواز شریف کی قیادت میں یہ ملک ایک بار پھر آگے بڑھے گا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز لندن میں تقریباً 4 مہینے قیام کے بعد آج (ہفتہ) کو واپس پاکستان پہنچ گئیں۔
وطن واپس پہنچنے کے بعد مریم نواز نے کہا کہ پاک سر زمین شاد باد۔
قبل ازیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ مریم نواز شریف کے استقبال کے لیے عوام کا جم غفیر ایئر پورٹ کے باہر موجود ہے۔
مریم نواز گزشتہ سال اکتوبر میں اپنا پاسپورٹ واپس ملنے کے ایک روز بعد پاکستان سے لندن روانہ ہوئی تھیں، اُس وقت انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے والد نواز شریف سے ملنے کے لیے بے تاب ہیں، جن سے وہ 2019 سے نہیں ملی تھیں۔
قبل ازیں ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ مریم نواز آج سہہ پہر 3 بجے لاہور پہنچیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پارٹی رہنما، کارکنان اورعوام مریم نواز کا بہت جذبے اور خوشی سے انتظار کر رہے ہیں، مریم نواز وطن واپس آکر پارٹی کی تنظیم نو کا آغاز کریں گی، ملک بھر میں ورکرز اور عوام سے رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔
یہ پیش رفت وزارت داخلہ رانا ثنا اللہ کی جانب سے اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 28 جنوری کو (آج) مریم نواز وطن واپس پہنچیں گی۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کہا تھا کہ لاہور ایئرپورٹ پر رانا ثنا اللہ کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔