پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے ساتویں گروپ میچ میں ملتان سلطانز نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ 52 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا تھا۔تحریر جاری ہے
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 138 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی، ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ پہلے اوور میں ہی گرگئی جب شان مسعود رومان رئیس کی گیند پر 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور رائیلی روسو نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔
رائیلی روسوو 30 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 38 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد ڈیوڈ ملر بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف 24 گیندوں پر 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
کیرون پولارڈ 21 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح ملتان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس، کپتان شاداب خان، محمد وسیم جونیئر اور ٹام کرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ملتان سلطانز نے ایونٹ میں اب تک 3 میچز کھیلے ہیں اور ان میں سے 2 میچز میں کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ملتان سلطانز نے گزشتہ میچ میں کپتان رضوان اور روسوو کی شاندار بیٹنگ کے بعد باولنگ میں بھی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 54 رنز سے شکست دی تھی۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک میچ کھیلا ہے اور اس میں اس نے فتح حاصل کی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کولن منرو اور اعظم خان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کا فاتحانہ انداز میں آغاز کیا تھا۔