شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 2 گرفتار کرلیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی عمران اللہ اور ضلع اپر دیر کے 21 سالہ سپاہی افضل خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔تحریر جاری ہے
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک علاقے میں سرچ آپریشن جاری رہے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی عمران اللہ اور سپاہی افضل خان کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے اور اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔