بلوچستان کے ضلع بولان میں سبی اور کچھی سے متصل علاقے میں کنبڑی پل کے قریب بلوچستان کانسٹیبلری کی وین پر دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 9 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی کچھی محمود نوتیزئی نے بتایا ہے کہ ضلع کچھی اور سبی باڈر کے قریب بولان کے علاقے کنبڑی میں بلوچستان کانسٹیبلری پولیس کے وین کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ دھماکا موٹرسائیکل پر خودکش حملہ آور نے کیا ہے جس میں 9 جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے ہیں، بم ڈسپوزل اور دیگر سیکورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
وزیراعیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مزمت کرتے ہوئے اہلکاروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔تحریر جاری ہے
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بزدلانہ کاروائیوں سے مزموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں، بدامنی اور عدم استحکام پیدا کر کے بلوچستان کو پسماندہ رکھنے کی سازش کی جارہی ہے، ایسی تمام سازشوں کو عوام کی حمایت سے ناکام بنایا جاۓ گا۔وزیراعلئ
وزیراعلیٰ نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال اور ملک کے تحفظ کے لیے جانیں قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرماۓ اور زخمیوں کو جلد صحتیابی کرے۔
خیال رہے کہ بلوچستان کانسٹیبلری، بلوچستان پولیس فورس کا وہ ڈپارٹمنٹ ہے جو بڑے ایونٹس اور جیل سمیت صوبائی حساس مقامات پر سیکورٹی سر انجام دیتا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی کی نئی لہر اٹھی ہے جس کی وجہ سے بالخصوص خبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ملک بھر میں اکثر دہشت گردی کے حملوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان ملوث ہے، جس کا اعتراف بھی کیا جاتا رہا ہے۔
گزشتہ برس حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات میں تناؤ کے بعد کالعدم گروہ نے ملک بھر میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کی دھمکی دی تھی۔
گزشتہ روز ضلع گوادر کے علاقے نلینٹ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں ایک اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔
حکام نے بتایا کہ گوادر کو تربت سے ملانے والے پل پر سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کے لیے دیسی ساختہ بم نصب کیا گیا تھا، ریموٹ کنٹرول سے اُس وقت دھماکا کیا گیا جب سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیاں پل عبور کر رہی تھیں، دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی کو بری طرح نقصان پہنچا۔