سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد رہنماؤں کی گرفتاری کے جاری سلسلے میں پارٹی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
اسد عمر کو انسداد دہشت گردی فورس نے مینٹیننس آف پبلک آرڈر کی دفعہ 16 کے تحت گرفتار کیا گیا۔تحریر جاری ہے
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اسد عمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ ’ایک مرتبہ پھر احاطہ عدالت سے گرفتاری، مکمل لاقانونیت، جنگل کا قانون نافذ‘۔
پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسد عمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کے سائلین گیٹ سے اسد عمر کو گرفتار کیا گیا، گرفتاری کس مقدمے کے تحت عمل میں لائی گئی، ابھی کچھ معلوم نہیں۔
اسلام آباد پولیس نے اسد عمر کو بتایا کہ ان کے وارنٹ گرفتار موجود ہیں، انہیں سرکاری املاک سمیت تھوڑ پھوڑ کے کیسز میں گرفتار کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر کیانی اور عمران اسمٰعیل احتساب عدالت کے باہر پہنچے اور اندر جانے کی اجازت دینے کی استدعا کی تو انہیں پولیس نے روکتے ہوئے کہا کہ آپ کو اندر جانے کی اجازت نہیں مل سکتی، فہرست میں آپ کا نام موجود نہیں ہے۔
خیال رہے کہ اسد عمر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے ہمراہ عمران خان کی پیشی کے موقع پر پولیس لائنز اسلام آباد کے باہر پہنچے تھے۔
اس سے قبل صبح صادق کے وقت تقریباً ساڑھے 4 بجے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ 12 سے 15 افراد نے عمر چیمہ کے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور انہیں کسی نامعلوم مقام پر لے گئے۔
ایک روز قبل سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد کراچی میں ہونے والے احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کراچی کے صدر علی زیدی کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔