پشاور(سپورٹس رپورٹر)سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا نے معروف صحافی امجدعزیز ملک کے لئے خدمات پر صدارتی تمغہ امتیازدینے کے اعلان پر انہیں مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے امجد عزیز کے لئے تمغہ امتیاز کا اعلان خیبر پختونخوا وپشاور کے لئے بڑا اعزاز ہے تقریبا 19 سال بعد خیبر پختونخوا کے کسی صحافی کے لئے تمغہ امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے۔ سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عاصم شیراز کی قیادت میں وفد، جس میں خیبر یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری عمران یوسفزئی، اعجاز رشید،فرحان خلیل، ہاشم آفریدی، شکیل الرحمن، ارشاد علی میدانی، جاوید علی، ارشد ڈار، سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شاہد آفریدی شامل تھے، نے امجدعزیز ملک سے ملاقات کی، انہیں مبارکباد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
وفد نے امجد عزیز ملک کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ تمغہ امتیاز کا اعلان نہ صرف صوبے بلکہ کھیلوں کے صحافیوں کے لئے بھی بڑا اعزاز ہے۔ امجد عزیز ملک پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر اور اے آئی پی ایس ایشیا کے سیکرٹری جنرل ہیں انہوں نے اب تک تقریبا ڈیڑھ درجن کتابیں لکھی ہیں اور پچھلے 42 سالوں سے صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔