پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے پانچویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نام لیے بغیر بظاہر عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے کھلنڈرے شخص کو لایا گیا جسے ملک، معیشت اور عالمی تعلقات کا کچھ پتا نہیں تھا، عوام کی خدمت کے ساتھ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی بھی کرنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل سامنے آنے والی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا پانچواں اجلاس آج پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہو رہا ہے، اجلاس میں بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز کے امیدواروں کے انٹرویوز کیے جانے ہیں۔
نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت کو برا نہیں کہنا چاہیے، خواہش ہے پاکستان کو مصیبتوں سے باہر نکالا جائے، ملک و ملت کی ترقی کا مشن لے کر سیاست میں آئیں۔
انہوں نے نام لیے بغیر بظاہر سابق وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کریں تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے، ایسے شخص کو لایا گیا جسے ملک کا کچھ پتا ہی نہیں تھا، ریاست مدینہ کہنے والےکو خود ریاست مدینہ کا نہیں پتا تھا، عوام کو قصے اور کہانیاں سنائی گئیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ڈاکا تھا، کھلنڈرے کو معیشت، عالمی تعلقات کا کچھ پتا نہیں تھا، 190 ملین پاؤنڈ بڑی ہیرا پھیری، دھاندلی اور کرپشن ہے، قوم کو بتائیں کہ ملک میں ڈاکا کس نے ڈالا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگریہ پیسہ نہ کھایا جاتا تو ہم کم یونٹس والوں کو مفت بجلی دے دیتے، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کا الزام لگا کر نکالا گیا، دوسروں کو چور کہنے والے خود چور ہیں، آج 7 سال بعد مجھے جھوٹے الزامات پر انصاف مل رہا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ملک کے 60 ارب روپےکھاؤ گے تو بجلی مہنگی نہیں ہوگی تو کیا ہوگا، ہم اقتدار نہیں عوام کی بھلائی چاہتے ہیں۔