میرعلی: متحدہ مجلس عمل اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے ہر روز قرضہ لیکر ملک کو دیوالیہ پن کے کنارے پہنچا دیا۔
شمالی وزیررستان کے علاقے میرعلی میں ملین مارچ سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ایک سال میں تین بجٹ اس لئے پیش کیے گئے کہ حکومت ٹیکس جمع نہیں کر سکی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے سات ماہ میں ہر روز قرضہ لیا ہے اور اب تک 15 ہزار ارب روپے کے قرضے لیے جاچکے ہیں، اتنا بڑا قرضہ آنے والے بچے کیسے ادا کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور قرضے عروج پر ہیں اور ہم دیوالیہ پن کے کنارے کھڑے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے شرکاء کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کا یہ ہجوم اسلام آباد میں عوامی فیصلہ کرائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ملک کی شناخت کو تبدیل کیا جارہا ہے اور ہمارے حکمران ایک بار پھر ہمیں عالمی قوتوں کا غلام بنانا چاہتے ہیں۔