پشاور(اعجاز رشید+غنی الرحمان)یوتھ گلیم ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام طہماس فٹ بال گراؤنڈ پر جاری پشاور فٹ بال لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے سلسلے میں منعقدہ میچ کے اختتام پرگراؤنڈ میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا،چوتھے کوارٹر فائنل میچ میں شکست خوردہ ٹیم پرائم پختون کے کھلاڑیوں نے چترال درویش کے ہاتھوں اپنی شکست کو برداشت نہ کرتے ہوئے ساراغصہ ریفری پر نکال کر اسے لہولہان کردیا، واقعے کے فوراًبعد پولیس نے گراؤنڈ پر پہنچ کر واقعے میں ملوث آفراد کو گرفتارکرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق ایک غیر سرکاری اور فلاحی تنظیم یوتھ گلیم ویلفیئرآرگنائزیشن کے زیر اہتمام خیبر پختونخوامیں کھیلوں کو فرغ دینے کی غرض سے،،برنگبیک سپورٹس ان کے پی،،پراجیکٹ کے تحت شاہی باغ کے طہماس خان فٹ بال گراؤنڈ پر جاری پشاور فٹ بال لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے سلسلے میں میچزانتہائی پرامن طریقے سے جاری تھے تاہم ہفتے کے روز اس وقت طہماس خان میدان جنگ بن گیاجب فٹ بال لیگ کے چوتھے کوارٹر فائنل میچ میں پرائم پختون ٹیم کو چترال درویش کیخلاف شکست کا سامناکرناپڑا،
میچ جیتنے کے بعد حسب روایت کامیابی پانے والی ٹیم چترال درویش کے کھلاڑی اور تماشائی خوشی سے جھوم اٹھے اور گراؤنڈ میں جشن منانا شروع کردیااور اس دوران پرائم پختون کے کھلاڑی اور انکے ساتھی اپنی شکست کو برداشت نہ کرتے ہوئے میچ میں ریفری کے فرائض انجام دینے والے سینئر اور تجربہ کارریفری عبدالرحمن کو پکڑ کر ساراغصہ اس بیچارے پر نکال دیا اور اسے مار مارکر لہولہان کردیا،موقع پر موجودآفراد نے بتایاکہ پرائم پختون ٹیم میں افغانی کھلاڑی بھی شامل تھے جنہوں نے ریفری کو مارمار کر شدیدزخمی کردیا۔اس وقعے کے فوراًبعد انتظامیہ نے گراؤنڈ کو تالے لگاکر پولیس کو اطلاع کردی،اس دوران پشاور کی نفری پہنچ کر واقعے کی تفتیش شروع کردی۔