مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہےکہ وفاقی وزرا کو 2 سالہ کارکردگی سے متعلق پریس کانفرنس کے بجائے منہ چھپانا چاہیے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے جب حکومت چھوڑی تو قومی آمدنی بڑھ رہی تھی، تحریک انصاف نے پہلے ہی سال قومی انکم کو کم کیا اور اس سال تو منفی کردیا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ان کی ناکامیوں سے ہماری کامیابیاں نظر آرہی ہیں، مہنگائی 3.9 پر چھوڑ کر گئے تھے اب 12 تک چلی گئی ہے، آٹا ہماری حکومت میں 35 روپے کلو تھا آج 70 روپے سے زیادہ کا مل رہا ہے، حکومت ہر الزام مافیا کے اوپر ڈال دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 5 سال میں 10 ہزار ارب روپے کا قرض لیا جب کہ تحریک انصاف نے 2 سال میں 11 ہزار ارب روپے کا قرضہ لے لیا ہے، 60 سے 80 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں، ملک کی حالت خراب ہے اور آپ کہہ رہے ہیں کہ عثمان بزدار ابھی سیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی جب کہ حکومت نے بجلی کی قیمت میٕں کوئی کمی نہیں کی، پاکستان میں بجلی اور گیس دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ مہنگی ہے، ستمبر میں بجلی کے نرخ بھی بڑھ جائیں گے۔