پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آگیا اور مجھے معمولی علامات ہیں جس پر میں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ میں گھر سے کام کا سلسلہ جاری رکھوں گا اور پی پی پی کے یوم تاسیس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کروں گا۔تحریر جاری ہے
ساتھ ہی انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لوگوں کو ماسک پہننے کی تلقین بھی کی اور کہا کہ میں آپ کا منتظر رہوں گا۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ ایک ایسے وقت میں مثبت آیا جب ایک روز بعد یعنی 27 نومبر کو ان کی بہن بختاور بھٹو زرداری کی منگنی ہونے جارہی ہے۔
بلاول ہاؤس میں ہونے والی اس منگنی کی تقریب کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور اس تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں کے لیے پہلے کورونا ٹیسٹ لازمی ہے اور صرف انہیں افراد کو اس تقریب میں شرکت کی اجازت ہوگی جن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہوگا۔
مزید یہ کہ ایسی بھی اطلاعات تھیں کہ 2 روز قبل بلاول بھٹو زرداری کے مشیر جمیل سومرو کورونا کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔