پشاور(سپورٹس رپورٹر)ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر پشاور اور لوکل گورنمنٹ پشاور کے زیر اہتمام طہماس فٹبال سٹیڈیم میں انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر پشاور تحسین اللہ خان نے مقابلوں کا افتتاح کیا ان کے ہمراہ ارشاد خان‘ہدایت اللہ‘سید ظاہرشاہ‘راجہ عبدالباسط کمال سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں‘مقابلوں میں بیس سے زائد کلبوں کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں‘گزشتہ روز ہونیوالے افتتاحی میچ میں ملک سعد فٹبال کلب نے لکی سٹار کلب کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی‘دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کیا مقررہ وقت تک کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی جس کے بعد پنلٹی ککس دی گئیں جن پر ملک سعد فٹبال کلب کی ٹیم نے کامیابی اپنے نام کی
ڈی ایس او تحسین اللہ خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو آگے آنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریں اور یہ ٹورنامنٹ اسی سلسلے کی کڑی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں مزید دیگر کھیلوں کے انٹر کلب مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے جس کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ کھلاڑیوں کو مواقع اور سہولتیں دی جائیں جس کے لئے کوشاں ہیں مستقبل میں یہی کھلاڑی دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔