بنوں (اعجاز رشید)خیبر پختونخوا ہاکی لیگ میں شامل ملاکنڈٹائیگرز کی ٹیم کے انٹرنیشنل کھلاڑی محسن خان جن کا تعلق بنوں سے ہے نے کہا کہ اس قسم کی لیگ پاکستانی قومی کھیل ہاکی کو دنیا بھر میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے میں کافی مدد گار ثابت ہو گی۔قاضی محب ہاکی گراؤنڈ بنوں میں میچ سے قبل میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے محسن خان نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے سے کافی خوشی ہوئی لیکن میں یہ بتایا چلوں کہ گراؤنڈز تقریباً ایک ہی قسم کے ہیں لیکن ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اپنے ٹیم کے ساتھ کیسے کھیلیں کیونکہ جو ٹیم اچھا کھیل جائے گی یقیناً وہی ٹیم جیتے گی۔ا س کے ساتھ ساتھ میں ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیں کھیل میں مزید نکھار حاصل کرنے کیلئے اس قسم کی لیگ کا انعقاد کروایا۔ اس کے علاوہ اس قسم کی لیگ سے ہمارے جونیئر ز کو بھی اچھی ہاکی کھیلنے کو ملے گی کیونکہ جب وہ اپنے سینئرز کے ساتھ کھیلیں گے تو کافی مہارت حاصل کر پائیں گے۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ اب تک ہم لیگ میں ایک میچ کھیلے ہیں اور الحمد اللہ وہ ہم جیت چکے ہیں اور آج کے میچ کیلئے بھی ساری ٹیم محنت کر رہی ہے اور انشاء اللہ آج کا میچ بھی جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔