سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے اتحاد کا کہا گیا تھا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں آصف زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی جب حکومت بنانے جارہی تھی تو انہوں نے ہم سےاتحاد کرنے کیلئے رابطہ کیا اور 6وزارتیں دینے کی پیشکش کی تھی جسے رد کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے مجھے مائنس کرنے کا کہا گیا ، اور پیغام دیا گیا کہ باقی پیپلز پارٹی سے پی ٹی آئی اتحاد کر لے گی، مجھے ملک سے باہر جانے کاکہا گیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ 8فروری کو الیکشن ہونے کا یقین ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی الیکشن کمپیئن کر رہی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد درست فیصلہ تھا، عمران خان معیشت کے دشمن تھے،اگر ان کو نہ نکالتے تو وہ ایک فوجی کے ذریعے آر او الیکشن کروا کے 2028 تک حکومت بنالیتے۔