نیب نے توشہ خانہ ریفرنس کیس میں اشتہاری قرار دیے گئے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کا شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ بلیک لسٹ یا منسوخ کرنے کے لیے نادرا سے رابطہ کیا ہے۔
نیب راولپنڈی نے کہا کہ نواز شریف کو احتساب عدالت اشتہاری قرار دے چکی ہے لہٰذا نواز شریف کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا جائے۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ملزم کا احتساب عدالت نمبر تین میں ٹرائل جاری ہے اور وہ جان بوجھ کر عدالت کے سامنے پیش نہیں ہو رہے اور 9 ستمبر کو انہیں اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔تحریر جاری ہے
خط میں کہا گیا کہ اشتہاری قرار دیے جانے کے بعد یکم اکتوبر 2020 کو ٹرائل کورٹ نے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور ہدایت جاری کی کہ ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔
نیب نے کہا کہ عدالتی احکامات اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد وزارت داخلہ کے ذریعے ملزم کے پاسپورٹ کو بلیک لسٹ یا منسوخ کیا جائے اور شناختی کارڈ کو بلاک کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، عبدالغنی مجید اور انور مجید پر فرد جرم عائد کرنے کے ساتھ ساتھ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دے دیا تھا۔